لاہور: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ تبدیلی کی لہر مافیا کو روندتی ہوئی آگے بڑھ رہی ہے، خیبر پختونخوا، وفاق، پنجاب، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اب پی پی 38 میں کپتان نے مافیا کی بینڈ بجا دی۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو برسوں لوٹنے والے مافیاز کے بت پاش پاش ہو رہے ہیں، چور تبدیلی کی زد میں آکر ریزہ ریزہ ہو گئے، پی ٹی آئی پورے ملک میں چھا گئی، تبدیلی کا سفر جاری ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی پی 38 کی جیت سے واضح ہوچکا ہے کہ ن لیگ کا پنجاب سے صفایا ہوگیا، وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی عثمان بزدار ملک میں حقیقی تبدیلی لا رہے ہیں، ضمنی الیکشن میں کامیابی دلوانے پر اہل سیالکوٹ اور پی پی 38 کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ادھر گورنر پنجاب چودھری سرور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سیالکوٹ میں ضمنی انتخابات میں کامیابی پر پارٹی ورکرز اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام اپوزیشن کے بیانہ نہیں حکومتی بیانہ کیساتھ متحد کھڑی ہے، پہلی بار اقتدار نہیں ملک و قوم کو مضبوط اور مستحکم بنانے پر کام ہو رہا ہے۔
چودھری سرور نے کہا کہ انشا اللہ وزیر اعظم عمران خان مدنیہ کی ریاست کے مشن میں کامیاب ہونگے، سیالکوٹ میں کامیابی نئے پاکستان اور تبدیلی کے ایجنڈے کی جیت ہے۔