ملتان: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے بعد پی ٹی آئی کی نظریں سندھ پر ہیں، وہاں کی عوام تبدیلی چاہتے ہیں، متبادل جماعت ہی ان کی داد رسی کر سکتی ہے، ہم جس دن وہاں کے عوام قائل ہو گئے تو سندھ میں بھی خوشگوار تبدیلی نظر آئے گی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود نے کہا کہ سیالکوٹ کے حلقہ پی پی پر مسلم لیگ(ن) کے کنٹرول میں تھا اور وہاں سے کامیابیاں حاصل کرتے رہے لیکن عوام نے تحریک انصاف کے نامزد کردہ امیدوار کو منتخب کیا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ نے کہا کہ صوبہ سندھ میں کام شروع کردیا ہے اور وزیر اعظم کی سربراہی میں سندھ کے سیاسی رابطوں کے بارے میں حکمت عملی طے پائی ہے۔ میں خود بھی کراچی گیا تھا جہاں کچھ دوستوں سے بھی ملاقات ہوئی ہے جبکہ آئندہ آنے والے دنوں میں مزید دوستوں سے ملاقات ہو گی تاکہ ہم سندھ کے عوام سے رجوع کریں، وہاں متعلقہ مسائل کو سمجھ کر ان کا حل تلاش کریں اور وہاں کے عوام کو متبادل بھی فراہم کریں۔
شاہ محمود نے کہا کہ سندھ کے لوگ تبدیلی چاہتے ہیں، انہیں قائل کرنے کی ضرورت ہے کہ اب متبادل جماعت ہے جو داد رسی کر سکتی ہے اور جو مسائل کو حل کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے، یقین ہے جس دن وہ قائل ہو گئے تو آپ سندھ میں بھی حیرت انگیز اور خوشگوار تبدیلی دیکھیں گے۔
انہوں نے ملتان کی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید کے دنوں میں سالڈ ویسٹ ٹھکانے لگانا بہت بڑا چیلنج ہوتا ہے لیکن انہوں نے اس سال ماضی سے بہتر کام کیا اور ہمیں اس حوالے سے بہت اچھی رپورٹ موصول ہوئی ہے۔
شاہ محمود نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے قیام کے حوالے سے معاملات طے پا گئے ہیں اور پیر سے ٹھییدار اس پر کام شروع کردے گا جبکہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے سیکریٹریز خود مختار اور بااختیار ہوں گے تاکہ وہ وہاں کے معاملات کو وہیں حل کردیں۔