اسلام آباد: (دنیا نیوز) فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ہر مشکل وقت میں پاکستان اور چین ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوئے، سی پیک منصوبہ دشمن بھارت کو کھٹکتا ہے، چین پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کر رہا ہے۔
وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے علماء کنونش سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت جعلی ویب سائٹس کے ذریعے پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے، اس صورتحال میں علماء کرام کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہو رہا ہے، علما کا دینی اور معاشرتی سطح پر عوام سے براہ راست رابطہ ہوتا ہے، ملک کے خلاف ہونے والی سازشوں سے نمٹنے کیلئے علماء کرام عوام کو آگاہی دیں، ہمیں اتحاد و اتفاق سے ملک کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ پیغام پاکستان پر 1800 سے زائد علماء اور مفتیان کے دستخط موجود ہیں، ہمارا آئین تمام لوگوں کو آزادی رائے کا حق دیتا ہے، آئین کے تحت بنیادی حقوق کا نفاذ بہت اہم ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نا صرف اس خطے میں بلکہ پوری دنیا میں اہم کردار ہے، افغانستان کے مسئلے پر پاکستان نے بھرپور کردار ادا کیا، ہم امن کو موقع دینا چاہتے ہیں پاکستان کسی بھی قسم کے انتشار کا حصہ نہیں بننا چاہتا، وزیر اعظم عمران خان کا اس حوالے سے دو ٹوک موقف ہے۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ بھارت سی پیک منصوبے کی راہ میں روڑے اٹکانا چاہتا ہے، ہمیں اتحاد و اتفاق سے ملک کیخلاف سازشوں کو ناکام بنانا ہے، آپسی اختلافات کے ذریعے دشمن ہمارے خلاف سازش کرتا ہے۔