لاہور: (دنیا نیوز) پولیس کے شہدا کو سلام، ملک بھر میں آج یوم شہدائے پولیس منایا جا رہا ہے۔ لاہور اور کراچی سمیت کئی شہروں میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور شہدا کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ، پولیس اہلکاروں اور افسروں کی لازوال قربانیوں کی داستان، شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے یوم شہدا منایا گیا۔
لاہور میں شہید ڈی آئی جی سید احمد مبین کی قبر پر پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ساجد کیانی، سی ٹی او منتظر مہدی سمیت اعلیٰ افسروں نے شرکت کی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے افسران کے ہمراہ پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
کراچی میں بھی یوم شہدائے پولیس منایا گیا۔ دو تلوار پر ہونے والی تقریب میں مشیر قانون مرتضیٰ وہاب بھی شریک ہوئے۔ تقریب میں شمعیں بھی روشن کی گئیں۔ تقریب میں فنکاروں نے بھی شرکت کی۔
یوم شہدائے پولیس کے موقع پر چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیس کیا اور کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے میں پولیس کا کردار تاریخی، قربانیاں بے مثال ہیں۔
پشاور میں یوم شہدائے کے موقع پر شہید پولیس افسروں اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شہدا کی قبروں پر حاضری اور سلامی دی۔ سی سی پی او عباس احسن، ایس ایس پی آپریشنز اور دیگر افسران نے کمانڈنٹ ایف سی شہید صفوت غیور کے قبر پرحاضری دی۔ پولیس کے دستے نے سلامی پیش کی۔
یوم شہدائے پولیس کے موقع پر دالبندین میں بھی تقریب کا انقعاد کیا گیا۔ اعلیٰ افسروں نے شرکت کی، شہدا کے لواحقین میں انعامات تقسیم کئے گئے۔