لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں لاپتہ ہونے والی چار بچیوں کا تاحال کوئی سراغ نہ مل سکا۔ پولیس نے ایک رکشہ ڈرائیور اور ایک محلہ دار لڑکے کو حراست میں لے لیا۔ موبائل ڈیٹا بھی حاصل کر لیا گیا۔
لاہور کے علاقے ہنجر وال سے 4 بچیوں کو کس نے اغوا کیا ؟ تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ پولیس نے رکشہ ڈرائیور ارسلان اور محلہ دار عمر کو حراست میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق محلہ دار عمر رات 11 بجے تک بچیوں کے ساتھ رہا، فون آنے پر بچیوں کو چھوڑ کر چلا گیا۔
رکشہ ڈرائیور نے رات 12 بجے چاروں بچیوں کو ای ایم ای سوسائٹی کے قریب اتارا، زیر حراست افراد سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔ پولیس نے محلہ داروں کے بیان بھی قلمبند کر لیے۔ غم سے نڈھال والدین کا کہنا ہے کہ ہمیں بچیوں کے بارے کوئی خبر نہیں، پولیس ہماری بچیوں کو بازیاب کرائے۔
ادھر وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے آئی جی پنجاب کو بچیوں کی جلد بازیابی کی ہدایت کی ہے۔ 5 روز قبل بچیاں گھر سے اورنج ٹرین پر سیر کیلئے نکلیں اور پھر واپس نہ آئیں، لڑکیوں کی عمریں 10 سے 14 سال کےدرمیان ہیں۔