کراچی: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے ذوالفقار مرزا کے خلاف بدین میں پولیس اسٹیشن پر حملے اور ہنگامہ آرائی کیس کا 6 سال بعد فیصلہ سنا دیا، ڈاکٹر ذوالفقار مرزا سمیت 28 ملزمان کو بری کر دیا گیا۔
ڈاکٹر ذوالفقار مرزا اور ساتھیوں کے خلاف بدین میں 2015 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ڈاکٹر ذوالفقار مرزا ساتھیوں کے ہمراہ تھانے میں سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر کے خلاف شکایت درج کروانے کے لیے گئے تھے۔ ذوالفقار مرزا نے پولیس اہلکاروں کو دھمکیاں دیں اور ایس ایچ او کا موبائل توڑا۔
ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ یہ مقدمہ اس وقت کی سندھ حکومت نے سیاسی انتقام لینے کے لئے بنایا تھا۔ عدالت نے ذوالفقار مرزا سمیت دیگر کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد مقدمہ کا فیصلہ سنایا۔