اسلام آباد: (دنیا نیوز) کراچی سمیت مختلف شہروں میں کورونا کیسز کی شرح میں اضافہ کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے وزارت ریلوے کیلئے تازہ احکامات جاری کرتے ہوئے ویکسین کے بغیر ٹرین میں سفر پر پابندی عائد کر دی ہے۔
این سی او سی کی جانب سے جاری احکامات میں کہا گیا ہے کہ یکم اکتوبر سے صرف ویکسی نیشن کے حامل افراد ٹرین کا سفر کر سکیں گے۔ ریل کے سفر کیلئے کم ازکم کورونا ویکیسن کی سنگل ڈوز لازمی ہو گی۔
وزارت ریلوے نے این سی او سی احکامات کے بعد ملازمین اور مسافروں کی ویکسی نیشن کیلئے انتظامات شروع کر دیئے ہیں۔ تمام ڈویژنل دفاتر کو ریلوے سٹیشنوں اور پلیٹ فارمز پر ویکسی نیشن سینٹر قائم کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہے۔
خیال رہے کہ وزارت ریلوے کورونا ویکسی نیشن نہ کرانے والے ملازمین کی یکم ستمبر سے تنخواہ روکنے کا پہلے اعلان کر چکی ہے۔
ادھر سندھ سرکار نے بھی این سی او سی کی ہدایات کی روشنی میں ٹرین کا سفر ویکسین سے مشروط کر دیا ہے۔ نادرا کے تصدیق شدہ دستاویزات کے بعد ریل میں سوار ہونے کی اجازت ملے گی۔
اس کے علاوہ آوُٹ ڈور ڈائننگ کھانا کھانے والے شہری کو بھی ویکسین کارڈز دکھانا ہوگا۔ محکمہ داخلہ سندھ نے پولیس اہلکاروں کو شہریوں کے کارڈز چیک کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
دوسری جانب آئی جی سندھ مشتاق مہر نے کراچی سینٹرل پولیس آفس میں بغیر کورونا ویکسین کارڈ کے افسران اور اہلکاروں کے داخلے پر پابندی کے احکامات دے دیئے ہیں۔