لاہور: (دنیا نیوز) کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کے خلاف پابندیاں عائد ہونے کے بعد ویکسی نیشن سنٹرز پر شہریوں کا سیلاب اُمڈ آیا، طبی ماہرین کی شہریوں سے ویکسی نیشن کا عمل جلد مکمل کرانے کی بار بار اپیل بھی جاری ہے۔
لاہور میں تقریبا 50 کورونا ویکسی نیشن سنٹرز مکمل فعال ہیں، یہ سنٹرز چند روز پہلے تک قدرے خالی خالی دکھائی دیتے تھے مگر اب جیسے ہی حکومت نے ویکسین نہ لگوانے والوں کے خلاف پابندیوں کا سلسلہ شروع کیا تو یکایک اِن سنٹرز پر شہریوں کی بڑی تعداد نظر آنے لگی ہے۔ بہت سے شہری تو تاخیر سے ویکسین کروانے کو اپنی غلطی بھی تسلیم کررہے ہیں۔
اِس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سنٹرز پرآنے والوں کی تعداد میں اضافے کے بعد اب ہرروز تقریبا ایک لاکھ کے قریب شہریوں کو ویکسین لگائی جارہی ہے۔مجموعی طور پر لاہور میں 29لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے، صوبے میں یہ تعداد ایک کروڑ 80 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔
کورونا سے بچاؤ کے لیے ضروری ہے کہ ویکسی نیشن کے عمل کی تکمیل میں کوئی تاخیر روا نہ رکھی جائے۔