اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان بدھ کو بہاولپور کا ایک روزہ دورہ کریں گے جس کے دوران انھیں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے بارے بریفنگ دی جائے گی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں نیشنل کاٹن بریڈنگ انسٹی ٹیوٹ ، چین کی مدد سے قائم کئے جانے والے انٹرکروپنگ ریسرچ سینٹر ، 2.5 میگاواٹ سولر پاور پراجیکٹ ، یونیورسٹی کالج آف نرسنگ ، کرکٹ سٹیڈیم سمیت مختلف منصوبوں افتتاح کریں گے۔
اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وزیراعظم کو یونیورسٹی سرگرمیوں ، زرعی تحقیق اور یونیورسٹی کے چولستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزرٹ سٹڈیز کے ذریعے چولستان کی زمین کی کاشت سے متعلق آگاہ کریں گے۔
وزیراعظم کسان کارڈز تقسیم کرنے کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔وزیراعظم لال سوہانرہ کا بھی دورہ کریں گے اور شجرکاری مہم کے سلسلہ میں پودا لگائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ، وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ سید فخر امام اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈ سیکورٹی جمشید اقبال چیمہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔