کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مزید چار شادی ہالز کے مالکان اور منیجرز کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق شادی کی تقریبات کی اجازت صرف کھلے مقامات پر ہے۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں گزشتہ روز سے اب تک 10 شادی ہالز کے مالکان اور منیجرز کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایت کے مطابق ایس او پیز پر عمل کروانے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 81 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 24 ہزار 85 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 80 ہزار 360 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 856 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 67 ہزار 54، سندھ میں 4 لاکھ 3 ہزار 964، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 49 ہزار 532، بلوچستان میں 31 ہزار 298، گلگت بلتستان میں 8 ہزار 941، اسلام آباد میں 91 ہزار 672 جبکہ آزاد کشمیر میں 27 ہزار 899 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 66 لاکھ 16 ہزار 130 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 65 ہزار 690 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 9 لاکھ 72 ہزار 98 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 513 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 81 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 24 ہزار 85 ہوگئی۔ پنجاب میں 11 ہزار 256، سندھ میں 6 ہزار 275، خیبرپختونخوا میں 4 ہزار 588، اسلام آباد میں 822، بلوچستان میں 332، گلگت بلتستان میں 158 اور آزاد کشمیر میں 654 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔