ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی وزارت حج وعمرہ نے 12 سے 18 سال کی عمر کے افراد کو عمرہ کی ادائیگی اور روضہ رسولﷺ پر حاضری کی مشروط اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا۔
عرب میڈیا کے مطابق 12 سے 18 سال کی عمر کے افراد صرف اسی صورت میں عمرہ کرسکتے ہیں بہ شرطیکہ انہوں نے کورونا کی پہلی دو خوراکیں لگوا لی ہوں۔ دو خوراکیں لگوانے والے اس عمر کے 13 ہزار افراد کو عمرہ کی ادائیگی کا اجازت نامہ جاری کیا جائے گا۔
سعودی نائب وزیر حج ڈاکٹر عبدالفتاح بن سلیمان مشاط نے بتایا کہ عمرہ کے اجازت نامے’اعتمرنا‘ اور ’توکلنا‘ ایپس کے ذریعے رجسٹریشن کے بعد جاری کیے جاتے ہیں۔ اس کے ساتھ عمرہ زائرین کے لیے وبا کے دنوں میں اختیار کیے گئے صحت کے پروٹوکول پر سختی کے ساتھ عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔
سعودی وزارت حج کو عمرہ سیزن برائے سال 1443ھ کے دوران سعودی عرب کے دوسرے اداروں کا بھی تعاون حاصل ہے تاکہ عمرہ زائرین کی صحت وسلامتی اور ان کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔