کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے ساحل پر پھنسے بحری جہاز کو نکالنا پورٹ اتھارٹیز کے لیے ایک چیلنج بن گیا۔ دو دن تک کی جانے والی مسلسل کوششیں بھی تکنیکی بنیادوں پر ناکام رہیں، جہاز کو نہ نکالا جاسکا اور ری فلوٹنگ آپریشن ملتوی کر دیا گیا۔
سی ویو پر پھنسے بحری جہاز کو نکالنا پورٹ اتھارٹیز کے لیے ایک بڑا امتحان بن گیا۔ ذرائع کے مطابق جہاز کو نکالنے کے لیے کرین بردار بوٹ میں تکنیکی خرابی کے سبب کشتی کا لنگر ڈراپ نہ ہوسکا۔
کشتی کو چارسو میٹر تک قریب آکر رسہ باندھنا ہے جبکہ اینکر ڈالنے والی ٹگ بوٹ جہاز کے چھ سو میٹر تک ہی قریب پہنچ سکی۔ بوٹ کی خرابی کی وجہ سے آپریشن ملتوی کر دیا گیا۔
ساحل پر اس وقت کرین، شاول سمیت دیگر ہیوی مشینری موجود ہے۔ پہلے حکام کی جانب سے جہاز کو نکالنے کے لیے 15 اگست کی تاریخ دی گئی تھی لیکن اب اسے نکالنے کے لیے کوششیں پہلے ہی شروع کر دی گئیں ییں۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ سمندر میں ہائی ٹائیڈ کا زور بڑھنے میں دو سے تین دن لگ سکتے ہیں جس کے بعد جہاز کو نکالنا قدرے آسان ہوگا۔