کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان اور سندھ کو ملانے والی این 25 قومی شاہراہ بلوچستان کی اہم ترین شاہراہ ہے، حال ہی میں اس شاہراہ کو ڈبل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے توسیع کے لیے بجٹ میں بھی 81 ارب روپے بھی مختص کر دیئے ہیں۔
کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ این 25، 790 کلو میٹر طویل شاہراہ پر روزانہ ہزاروں مسافر اور مال بردار گاڑیاں سفر کرتی ہیں، شاہراہ سنگل ہے اور ٹریفک زیادہ ہونے کی وجہ سے یہاں حادثات بھی روز کا معمول ہیں۔
قومی شاہراہ کی اہمیت اور حادثات کے خاتمے کے لیے اب یہ شاہراہ دورویہ کی جا رہی ہے، پہلے مرحلے میں شاہراہ کی توسیع کے لیے بجٹ میں کچلاک سے خضدار 330 کلو میٹر کے لیے 81 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔
بلوچستان کو سندھ سے ملانے والی این 25 تجارت کے غرض سے خصوصی اہمیت رکھتی ہے، بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کو سی پیک کے معاشی حب گوادر سے ملانے کا زریعہ اور پاک افغان سرحدی شہر چمن کے علاوہ سنٹرل ایشیاء کے لیے تجارتی گزر گاہ بھی ہے۔
ٹرانسپورٹرز اور این 25 قومی شاہراہ پر سفر کرنے والوں کا کہنا ہے کہ اس قومی شاہراہ کی توسیع بہت پہلے ہو جانی چاہیے تھی مگر دیر آید درست آید، اس شاہراہ کے بننے سے عوامی مشکلات کم ہوجائیں گی۔