کراچی: (دنیا نیوز) مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ لوگوں کو جان کی نہیں موبائل سم کی پروا ہے، ویکسی نیشن کیلئے سم بند کرنے کا فیصلہ گیم چینجر ثابت ہوا، مصطفیٰ کمال بڑے بھائی ہیں، احتجاج کیلئے ماسک پہن کر سڑکوں پر آئیں۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ایک ہفتہ پہلے یومیہ پچاس 55 ہزار ویکسینیشن ہوتی تھی، گزشتہ چوبیس گھنٹے میں دو لاکھ 31 ہزار لوگوں کو ویکسین لگائی، کل بھی کراچی میں ایک لاکھ ساٹھ ہزار لوگوں کو ویکسین لگائی،اللہ نے کرم کیا سندھ میں کیسز بڑھنے کا تناسب رک گیا ہے، اب تک ویکسینیشن میں ضلع جنوبی اور شرقی آگے بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محرم ہمارے لیے کورونا کے حوالے سے ایک اور ٹیسٹ ہوگا، مجالس کے اطراف ویکسین سینٹر کو ایکٹو کیا گیا ہے، مخالفت پر نہیں کام کرنے پر یقین رکھتا ہوں، چالیس سیکنڈ میں چیزوں کو تبدیل نہیں کرسکتا۔