سندھ: تعلیمی ادارے 19 اگست تک بند رکھنے کا فیصلہ، امتحانات کا 10 اگست سے آغاز

Published On 08 August,2021 12:29 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں تعلیمی ادارے انیس اگست تک بند رکھنے کا فیصلہ، بورڈ امتحانات کا سلسلہ دس اگست سے شروع ہو گا۔ صوبے میں کاروباری سرگرمیاں کل سے بحال، مارکیٹیں اور بازار رات آٹھ بجے تک کھلے رکھنے کی تجویز ہے، ریسٹورنٹس ، ہوٹلز میں آوٹ ڈور سروس کی اجازت ہوگی۔

ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق آج کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس نہیں ہو گا، ایس او پیز کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، تمام کاروباری مراکز رات 8بجے تک کھلے رہیں گے۔

محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا لاک ڈاؤن کے تناظر میں 8 اگست تک سرکاری اداروں کی بندش کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا، جس کے تحت سندھ حکومت کے ماتحت تمام سرکاری دفاتر 31 جولائی سے 8 اگست تک بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

گذشتہ روز این سی او سی کا کراچی میں مشترکہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر اسد عمر، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ ، معاون خصوصی صحت فیصل سلطان نے شرکت کی، اجلاس میں این سی او سی حکام اور سندھ حکومت کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں سندھ خصوصا کراچی کی کورونا صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، این سی او سی اجلاس میں مزید کوروآرڈینشن بڑھانے پر زور دیا گیا۔ اجلاس کے دوران فیصلہ ہوا کہ کورونا کی زیادہ شرح والےعلاقوں میں ایس اوپیز پر عملدرآمد سخت کرنے کا فیصلہ بھی ہوا ہے ۔
 

 

Advertisement