کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں ٹرک پر دستی بم حملے میں زخمی ایک اور بچہ چل بسا، دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد تیرہ ہو گئی، مرنے والوں میں بچے اور خواتین شامل ہیں، جاں بحق افراد کی نماز جنازہ آج عصر کی نماز کے بعد ادا کی جائے گی۔
دہشتگردوں کا نہتے شہریوں پر بزدلانہ وار، کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں منی ٹرک پر دستی بم حملہ کیا گیا۔ بم ڈسپوزل رپورٹ کے مطابق دھماکا آر جی ڈی ون گرنیڈ پھٹنے سے ہوا جو پینسٹھ گرام بارودی مواد پر مشتمل تھا۔
انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمرخطاب کا کہنا ہےکہ ٹرک میں سوارفیملی شادی کی تقریب سے واپس آرہی تھی کہ موٹرسائیکل سوار حملہ آور دستی بم پھینک کرفرار ہوگئے، واقعے کے بعد ٹرک ڈرائیورکوحراست میں لےلیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب منہاس کا کہنا ہے کہ جلد ملزمان تک پہنچنے کی کوشش کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے پرافسوس کا اظہار کیا ہے ،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی متاثرین سے اظہار ہمدردی کیا اورحکام کو تمام پہلوؤں پر تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔
دھماکے میں جاں بحق افراد کی نماز جنازہ آج بعد نماز عصر ادا کی جائے گی ، اجتماعی نماز جنازہ اسٹار گراؤنڈ شیرپاؤ کالونی اور تدفین مولا مدد قبرستان میں ہو گی۔