لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ طالبان کی حکومت تسلیم کرنے سے متعلق فیصلہ دوست ممالک کی مشاورت سے کرنا چاہئے، آئندہ الیکشن لڑنا چاہتا ہوں لیکن قبل از وقت گورنر کا منصب نہیں چھوڑ رہا۔
گورنر پنجاب چودھری سرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وقت بتائے گا کہ طالبان کا دور کیسا ہوتا ہے، میری خواہش ہے کہ طالبان انسانی حقوق کا احترام کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی شک نہیں کہ میں عملی سیاست میں آنا چاہتا ہوں، پارٹی ڈسپلن کا پابند ہوں، میری ترجیح لوگوں کو صاف پانی پلانا ہے، بہت مشکلات اور چیلنجر کے بعد اب پاک اتھارٹی کو منظم کیا ہے، پنجاب میں سینکڑوں پلانٹ اور سکیمیں بند پڑی ہیں، جن کو چلانا ہے۔
چودھری سرور نے کہا کہ ڈیڑھ کروڑ لوگوں کو صاف پانی پلانا ہے۔ اپوزیشن 2023 کے الیکشن تک انتظار کرے، صاف الیکشن پر متحد ہونا چاہئے۔