اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے آسٹریلیا کیلئے پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر زاہد حفیظ چودھری نے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔
وزیر خارجہ نے بطورِ ہائی کمشنر آسٹریلیا تعیناتی پر زاہد حفیظ چودھری کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو طرفہ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مجھے توقع ہے کہ آپ کی بطور ہائی کمشنر تعیناتی سے دو طرفہ مراسم مزید مستحکم ہوں گے۔وزیر خارجہ نے بطورِ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کی خدمات کی تعریف کی۔
زاہدحفیظ چودھری نے توصیفی کلمات پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا یقین دلایا۔