اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات، افغانستان کی موجودہ صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے پاکستانی قیادت کی جانب سے سعودی عرب کے فرمانروا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیر خارجہ نے او آئی سی کی جانب سے افغانستان کی موجودہ صورتحال پر مستقل مندوبین کا ہنگامی اجلاس بلانے پر سعودی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پرامن افغانستان ناصرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمیں توقع ہے کہ افغان قائدین، افغانستان میں دیرپا قیام امن کیلئے اجتماعیت پر مبنی سیاسی تصفیے کی جانب آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان کی تعمیر نو اور افغانوں کی معاشی معاونت کیلئے عملی اقدامات اٹھائے۔
انہوں نے سعودی ہم منصب کو کابل سے مختلف ممالک کے سفارتی عملے، بین الاقوامی اداروں کے ورکرز اور میڈیا نمائندگان کے انخلا میں پاکستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی معاونت سے آگاہ کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے انہیں مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا جبکہ باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔