تاشقند: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے تاشقند میں ازبکستان کے صدر شوکت مرزا ایوف کیساتھ ملاقات کی اور وزیراعظم عمران خان کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
ازبک صدر شوکت مرزا ایوف نے کہا کہ ازبکستان پاکستان کے ساتھ دو طرفہ مراسم کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ ازبکستان، پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص ٹرانسپورٹ اور رابطہ سازی (کنیکٹیو ٹی ) کے حوالے سے دو طرفہ تعاون کے فروغ کا متمنی ہے۔
وزیر خارجہ نے ازبک صدر کو افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا اور کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ افغان قیادت اجتماعیت کے حامل سیاسی تصفیے کی جانب بڑھے گی تاکہ خطے میں مضبوط تجارتی و اقتصادی روابط کی راہ ہموار ہو سکے۔
ازبک صدر نے اس بات سے اتفاق کیا کہ افغانستان میں قیام امن سے خطے میں تجارت، معیشت اور روابط میں بہتری کے امکانات پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اگلے ماہ دوشنبے، تاجکستان میں متوقع شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان خان کے ساتھ ملاقات کے منتظر ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر خارجہ کا یہ چار ملکی دورہ، افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں، علاقائی سطح پر، مشاورت کے ذریعے، متفقہ لائحہ عمل تشکیل دینے کی عملی کوششوں کا حصہ ہے۔