اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں بسنے والے اووسیز پاکستانیوں کو گھر، اراضی کی خریداری میں بہت سی مشکلات کا سامنا تھا،روشن اپنا گھر سکیم کے تحت یہ مشکلات آسانی میں بدل جائیں گی،وزیراعظم عمران خان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے روشن اپنا گھر سکیم کا آغاز کردیا ہے۔
اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ڈیجیٹل پراسیس کے ذریعےپاکستان میں ہائوسنگ میں سرمایہ کاری اور آسان فنانسنگ حاصل کرسکیں گے،سٹیٹ بینک نے نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد یہ سکیم تیار کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ روشن اپنا گھر سکیم میں روشن ڈیجیٹل اکائونٹ رکھنے والے اووسیز پاکستانی سرمایہ کاری کرسکتے ہیں، روشن اپنا گھر سکیم میں گھر خریدنے والے کسی بھی وقت اپنا گھر فروخت بھی کرسکیں گے،روشن اپنا گھر سکیم کے لئے پہلے سے منظور شدہ منصوبوں کی فہرست مرتب کی گئی ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ منصوبہ جات میں اضافہ ہوتا رہے گا۔