لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ بیٹسمین نے ٹیسٹ کرکٹ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی طرف سے سنچری نہ بنانے پر شدید تنقید کی ہے۔
سابق کپتان انضمام الحق نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہاکہ مجھے بابر اعظم کو سنچری سکور کرتا دیکھے ایک عرصہ ہوچکا ہے، وہ ایک ایسے کرکٹر ہیں جنھیں ہم باقاعدگی سے رنز بناتے اور سنچریاں بناتے دیکھنا پسند کرتے ہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کو لازمی طور پر ایسا کرنا بھی چاہیے کیونکہ وہ اس وقت اپنے کھیل کے عروج پر ہیں، بابرکی جانب سے 70، 80 رنز بناکر وکٹ گنوا دینا پسند نہیں ہے، انھیں بڑی اننگز کھیلنا اور ساتھی بیٹسمینوں کیلیے مثال بننا چاہیے۔
انضمام الحق محمد رضوان بھی اچھا کھیل رہے ہیں مگر انھیں بھی بڑی اننگز کی ضرورت ہے، بڑی ٹیموں کے خلاف ان کے 20، 30 رنز کسی کام کے نہیں ہیں، میں اس حوالے سے ایک بار پھر فواد عالم کو کریڈٹ دوں گا جو سیٹ ہونے کے بعد بڑی اننگز کھیلتے ہیں، وہ کم سے کم اننگز کو سنچری تک تو لے جاتے ہیں جو اچھی بات ہے، دیگربیٹسمینوں کو بھی اس معاملے میں ان کی پیروی کرنا چاہیے۔
سابق چیف سلیکٹر نے ٹیل اینڈرز کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے عمدگی سے اپنی ذمہ داری نبھائی جبکہ بولرز نے پوری سیریز میں اچھا پرفارم کیا، خاص طور پر جب کم ہدف کے دفاع کا معاملہ ہو تو وہ اپنی پوری جان لڑا دیتے ہیں۔