کراچی: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے کراچی میں مصروف دن گزارا، سابق صدر پاکستان مرحوم ممنون حسین، ممتاز بھٹو کی رہائش گاہ پہنچے اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ شہباز شریف نے پیر پگارا سے ملاقات میں ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کی۔
شہباز شریف ہفتے کی صبح سابق صدر پاکستان ممنون حسین مرحوم کے گھر اہل خانہ سے تعزیت کیلئے پہنچے، شہباز شریف نے کہا کہ ممنون حسین کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ممتاز بھٹو مرحوم کے صاحبزادے امیر بخش بھٹو سے ملاقات میں شہباز شریف نے کہا کہ ممتاز بھٹو مرحوم کا سندھ کی سیاست میں اہم کردار رہا، شہباز شریف نے اہل خانہ سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر صحافیوں کے سوالات کے جواب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا جلسہ یقینی طور پر کامیاب ہوگا۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے سابق رکن قومی اسمبلی سید امیر حیدر شاہ کے انتقال پران کے بھتیجے جلال محمود شاہ سے تعزیت کی۔ شہباز شریف نے پیر پگارا سے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ پیر پگارا کی جانب سے شہباز شریف کو ظہرانہ دیا گیا۔ شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انہوں نے پیر پگارا کو لاہور میں کھانے کی دعوت دی ہے۔