'کماؤ شہرکیساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک'، شہباز شریف کراچی کے مسائل پر آبدیدہ

Published On 29 August,2021 02:17 pm

کراچی: (دنیا نیوز) صدر مسلم لیگ نون شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہر قائد کی خوشحالی کے بغیر پاکستان کی خوشحالی ممکن نہیں، ایک جماعت نے تین سال ملک وقوم پر صرف ظلم ڈھایا ہے، کماؤ شہر کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک ہو رہا ہے، شہباز شریف کراچی کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کراچی کے حلقے این اے 249 میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بابائے قوم کا شہر ہے، کماو شہر کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک ہورہاہے۔ کراچی معاشی مرکز ہے، سفارتی مرکز بھی رہا ہے۔ کیا کمال شہر ہے جس نے ہر کسی کو اپنی گود میں سمایا ہوا ہے، اس شہر کی خوشحالی کے بغیر پاکستان خوشحال نہیں ہوگا۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ میرے مرنے سے پہلے کراچی شہر بدل جائے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں موقع ملا تو کراچی کی قسمت بدل دیں گے، یہاں کے مسائل اور شہریوں کو درپیش مشکلات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ سالانہ کھربوں روپے دینے والے شہر کا یہ حال ہے کہ ایک گیلن پانی میسر نہیں۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف نے کراچی میں بوری بند لاشوں، بھتوں اور پرچیوں سے نجات دلائی، امن واپس لائے۔کراچی اور سندھ کا امن بحال کرنا نوازشریف کا بہت بڑا کارنامہ تھا، ایک جماعت نے تین سال ملک وقوم پر ظلم ڈھایا ہے۔