لاہورمیں کورونا کاپھیلاؤتیزہونےلگا،چوبیس گھنٹوں میں مزید13مریض جاں بحق

Published On 29 August,2021 05:28 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ مزید تیز ہونے لگا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر میں اس وبائی مرض میں مبتلا مزید 13 مریض جان کی بازی ہار گئے۔

محکمہ صحت حکام کے مطابق لاہور میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 549 نئے مریض رپورٹ ہوئے جبکہ شہر میں موذی وائرس کے پھیلاؤ شرح 9 اعشاریہ ایک فیصد ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب کورونا وائرس کے تشویشناک مریضوں میں بھی اضافہ ہونے لگا ہے۔ شہر میں وینٹی لیٹرز 60 فیصد تک بھر چکے ہیں جبکہ 40 فیصد آکسیجن بیڈز پر بھی مریضوں کا علاج معالجہ جاری ہے۔ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں 522 کورونا مریض زیر علاج ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث پنجاب کے بعد خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔ ملک بھر میں کورونا وائرس سے 69 اموات ہوئیں جن میں سے 31 اموات وینٹیلیٹرز پر موجود مریضوں کی تھیں۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 3909 افراد کے کووڈ ٹیسٹ مثبت آئے۔ ملک کے 4 بڑے شہروں میں وینٹیلیٹرز پر کووڈ کے مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے بہاولپور میں 47 فیصد، لاہور میں 48 فیصد، ملتان میں 70 فیصد اور اسلام آباد میں 40 فیصد مریض ہیں۔

اسی طرح سے ملک کے چار بڑے شہروں میں آکسیجن کی سہولیات والے بستروں پر کورونا کے مثبت کیسز کے تناسب کے لحاظ سے ایبٹ آباد میں 76 فیصد، صوابی میں 83 فیصد، سوات میں 66 فیصد اور گوجرانولہ میں 60 فیصد مریض ہیں۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کووڈ کے 62918 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے سندھ میں 18895، پنجاب میں 18781، خیبر پختونخوا میں 11601، اسلام آباد میں 6330، بلوچستان میں 2031، گلگت بلتستان میں 70 جبکہ آزاد کشمیر میں1477 ٹیسٹ کئے گئے۔

اب تک ملک بھر میں کووڈ سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 1033373 ہو چکی ہے۔ بلوچستان اور گلگت بلتستان میں کووڈ کا کوئی بھی مریض اس وقت وینٹیلیٹر پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں کووڈ کے لیے مختص وینٹیلیٹرز پر 517 مریض ہیں۔

 

Advertisement