اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے چیف سیکرٹریز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ضروری اشیا کی قیمتوں میں استحکام پیدا کرنے کیلئے تمام ممکنہ انتظامی اقدامات کریں۔
انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں اشیائے ضروریہ کی طلب ورسد اور قیمتوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے پرچون اور تھوک فروشوں کی قیمتوں کے درمیان غیر منطقی فرق ختم کرنے کی ہدایت کی۔ عمران خان نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے انتظامی اقدامات کے نتائج نظر آنے چاہیں۔
وزیراعظم نے چینی اور گندم کی مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر اقدامات پر بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کرنے کو بھی کہا۔
عمران خان نے کہا کہ عام آدمی کو مہنگائی سے تحفظ دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اجلاس کو چینی اور گندم کے موجودہ ذخائر اور ان کی آئندہ ضروریات پوری کرنے کیلئے اقدامات سے متعلق بتایا گیا۔
اجلاس کو خوردنی تیل کی قیمتوں میں دس سے پندرہ روپے فی کلو گرام کمی کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ قیمتوں میں استحکام کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے والے افسروں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔