کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں بادل جم کر برس ہی گئے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث بیشتر علاقوں میں بجلی بند ہوگئی۔ کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔
کراچی میں دو روزسے کہیں بارش۔ کہیں بونداباندی تو کہیں کڑکتی دھوپ۔ تیسرے روز شہر بھر میں بادل برس پڑے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔ بارش ہوتے ہی شہری خوش ہوگئے۔ بچے سڑکوں پر نکل آئے۔
برسات کے دوران کے الیکٹرک کے 400 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہوگئے۔ ملیرسٹی، گلستان جوہر، بفرزون، صفورہ گوٹھ، گرین ٹاون، میٹروول، سرجانی ٹاون، نیو کراچی، بلدیہ ٹاون سمیت دیگر علاقوں میں بجلی بند ہوگئی۔ لائٹ ہاؤس چپل گلی میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
بارش کے بعد گلستان جوہر، شارع فیصل، یونیورسٹی روڈ سمیت دیگر علاقوں کے کچھ مقامات پر پانی بھی جمع ہوگیا۔ نارتھ ناظم آبادحیدی، گلستان جوہر میں گٹر ابل پڑے۔ ناگن چورنگی پر نالہ اوور فلو ہو گیا۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے لیاقت آباد، کریم آباد، تین ہٹی،گلستان جوہر سمیت دیگر علاقوں کا جائزہ لیا۔
ایڈمسنٹریٹر کراچی نے سفاری پارک کے سامنے بارش کا پانی جمع ہونے پر عملے کی سرزنش بھی کی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش سعدی ٹاون میں 41ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ صفورہ چورنگی پر 33،نارتھ کراچی میں 28،جناح ٹرمینل 18،اولڈ ایئرپورٹ15، ناظم آباد میں 7 ملی میٹربارش ہوئی۔
دوسری طرف لاہور میں بارش نے ایک مرتبہ پھر رنگ جما دیا۔ بارش کے ساتھ چلنے والی ہوا کی وجہ سے حبس کی کیفیت کا خاتمہ ہوگیا۔
لاہور میں بارشیں برسانے والی نظام نے ایک مرتبہ پھر اپنی موجودگی کا احساس دلا دیا۔ گڑھی شاہو، مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ اور دیگرعلاقوں میں ہونے والی بارش کے آتے ہی گرمی اور حبس کی کیفیت ختم ۔ہوگئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔
بارش کے باعث حسب روایت فیڈرز ٹرپ کرجانے سے شہریوں کو مشکل کا سامنا بھی رہا۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات کی طر ف سے بتایا گیا ہے کہ موسم کی موجودہ صورت حال آئندہ دوروز تک برقرار رہنے کاامکان ہے۔