لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ ساتھ ہی ساتھ لیسکو کے 65 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر جانے سے کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔
مال روڈ، جیل روڈ، گلبرگ، اسلام پورہ، چوبرجی، ریواز گارڈن، منصورہ اور سبزہ زار میں بارش ہوئی، ہربنس پورہ، جوڑے پل، فتح گڑھ، مغل پورہ، دھرم پورہ، گڑھی شاہو اور دیگر علاقوں میں بھی بادل برسے۔ بادامی باغ، ریلوے سٹیشن، کلمہ چوک، ماڈل ٹاؤن، جوہر ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔
سب سے زیادہ بارش پانی والا تالاب میں 60 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ لکشمی چوک 53، گلشن راوی میں 52، مغل پورہ 33، فرخ آباد 22 اور چوک ناخدا میں 20 ملی میٹر بارش ہوئی۔
شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ جی پی او، لوئر مال، ایمپرس روڈ، کوپر روڈ، تاج پورہ، وارث روڈ پر بارش کا پانی جمع ہوگیا۔ سیشن کورٹ، سیکرٹریٹ، بلال گنج، کچہری روڈ کے علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔ گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں پانی میں ڈوب جانے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نکاسی آب کو بہتر بنائے تاکہ معمولات زندگی متاثر نہ ہوں۔
لیسکو کا ترسیلی نظام بھی ٹھنڈا پڑ گیا اور مختلف علاقے بجلی سے محروم رہے۔ داتا نگر، امین پارک، شاہدرہ، کریم پارک، چائنہ سکیم، مصطفی آباد، مصری شاہ میں بجلی کی بندش، بادامی باغ، آؤٹ فال روڈ، علی پارک، سگیاں، اردوبازار، بھاٹی گیٹ کے علاقے بھی بجلی سے محروم رہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔