لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام بارے اتحادی مسلم لیگ ق سے مشاورت کااعلا ن کردیا۔ وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کا اجلاس ہفتہ کےروز طلب کرلیاگیا، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ اور وزیربلدیات کو نئے بلدیاتی نظام کوجلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعلی عثمان بزدار، گورنر چودھری محمد سرور سمیت اہم وزرا نے شرکت کی۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
وزیراعظم نے پنجاب میں جلد بلدیاتی انتخابات کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور وزیربلدیات محمود الرشید کو تمام امور کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی گئی
عمران خان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات بارے قانون سازی اوردیگر امور کو حتمی شکل دی جائے۔
وزیراعظم نے نئے بلدیاتی نظام بارے مسلم لیگ ق کے تحفظات دور کرنے کی بھی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کااجلاس ہفتہ کےروز طلب کرلیاگیا، ویڈیو لنک پر ہونے والے اجلاس میں نئے بلدیاتی نظام کو حتمی شکل دینے پرمشاورت ہوگی۔ وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی میں وفاقی وزرا اسد عمر، شاہ محمود قریشی پ رویز خٹک، پنجاب کے وزیر بلدیات محمودالرشید شامل ہیں۔ مسلم لیگ ق کی جانب سے وفاقی وزرا طارق بشیر چیمہ، مونس الہی شامل ہوں گے ۔
مسلم لیگ ق نئے بلدیاتی نظام میں ضلع ناظم کے سیٹ اپ کی بحالی چاہتی ہے، پی ٹی آئی ضلع ناظم کے بجائے تحصیل میئر کا نظام چاہتی ہے۔
تحریک انصاف کی قیادت نئے بلدیاتی نظام بارے مسلم لیگ ق کی قیادت کو قائل کرے گی۔ اتفاق رائےپیدا کرنے کے بعد پنجاب اسمبلی سے بلدیاتی بل منظور کروایا جائے گا۔