اسلام آباد: (دنیا نیوز) فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ مریم صفدر کیسز میں التوا کے پیچھے چھپ رہی ہیں، شریف فیملی التوا کے بجائے روزانہ سماعت کی درخواست کرے، یہ اقتدار میں آکر مال بناتے ہیں، بعد میں انتقام کا شور مچاتے ہیں۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف لندن میں بیٹھ کر شادیوں میں شرکت کر رہے ہیں، مریم نواز نے آج بہت افسوس کا اظہار کیا کہ میرے بیٹے کی شادی تھی میں باہر نہیں جاسکتی، آپ کی شادیاں بھی باہر ہوتی ہیں، علاج بھی باہر ہوتا ہے پھر آپ پاکستان کیا لینے آتے ہیں۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ش لیگ پر ن لیگ بھاری ہوئی ہے، شریف فیملی کا کڑا احتساب ہوگا اور سزائیں ہونگی، آپ لوگوں نے جو لوٹ مار کی، اس کا حساب دینا پڑے گا، ہم انہیں مزید التواؤں کے پیچھے نہیں چھپنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میڈیا ڈویلپمنٹ پر کام کر رہی ہے، حکومت میڈیا ورکرز کے تحفظ کا بل لیکر آ رہی ہے۔