اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ جو کہتے تھے ہم نے سڑکیں بنائیں اور سڑکوں کے نام پر ووٹ لیتے تھے، ہم نے ماضی کی حکومت سے 3 گنا زیادہ سڑکیں بنائیں، سڑکوں کی کمیشن سے لندن میں فلیٹ نہیں بنائیں گے۔
وزیراعظم نے سیالکوٹ، کھاریاں موٹروے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ عمران خان نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا، پہلے ادوار میں بنائی گئی موٹرویز سے ملک کو زیادہ فائدہ نہیں ہوا، زیادہ آبادی کی وجہ سے اس علاقے کی اہمیت زیادہ ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں گے، صنعتوں کو سہولتیں دیئے بغیر ملکی دولت میں اضافہ نہیں ہوسکتا، اس علاقے میں ہم بڑے پیمانے پر صنعتیں لگاسکتے ہیں، جب تک آمدن میں اضافہ نہیں ہوگا ہم قرض نہیں اتار سکتے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں پاکستان میں سیاحت کو فروغ نہیں دیا گیا، سڑکوں کا جال بچھا کر ملک میں سیاحت کو فروغ دینا چاہتے ہیں، موجودہ حکومت سیاحت اور صنعت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، عید کی چھٹیوں میں سوات موٹروے پر 27 لاکھ گاڑیوں نے سفر کیا، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ شروع کر کے ہم ترقیاتی فنڈز بچانا چاہتے ہیں، کوشش ہے کاروبار میں آسانیاں پیدا کی جائیں۔