اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے حریت رہنما سید علی گیلانی کا جسد خاکی چھیننا بھارت کی بی جے بی حکومت کا انتہائی شرمناک اقدام قرار دے دیا۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ حریت رہنما کے خاندان کے خلاف مقدمات کا اندارج نازی ازم سے متاثر آر ایس ایس کی بی جے پی حکومت کی شرمناک مثال ہے۔
پہلے 92 سالہ سید علی گیلانی جو محترم ترین اور بااصول کشمیری رہنماؤں میں سے ایک ہیں ، کا جسدِ خاکی چھیننا اور پھر ان کے اہلِ خانہ کیخلاف مقدمہ قائم کرنا نازیوں سے متاثر آرایس ایس-بی جے پی سرکار کے ہاتھوں ہندوستان کے سفاکیت پر گرنے کی ایک اور شرمناک مثال ہے۔https://t.co/GUZswvIRwN
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) September 5, 2021
دوسری جانب وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ علی گیلانی نے شدت پسند حکومت کیخلاف آزادی کی شمع روشن رکھی، بھارت سرکار علی گیلانی کے انتقال کے بعد بھی ان کے پیغام سے خوفزدہ ہے، ان کے خاندان کو تدفین بھی نہیں کرنے دی گئی، ظلم در ظلم بھارتی سرکار نے ان کے خاندان والوں کیخلاف مقدمہ بھی درج کرا دیا۔