خوشحال اور پُرامن افغانستان سے مربوط معیشت، علاقائی روابط کو فروغ ملے گا: پاکستان

Published On 05 September,2021 09:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے کہا ہے کہ ایک خوشحال اور پرامن افغانستان اقتصادی تعاون، عوامی سطح پر مضبوط روابط اور تجارت اور علاقائی روابط کے فروغ میں مددگار ہوگا۔

اسلام آباد میں افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے خصوصی نمائندوں کے ایک آن لائن اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے افغانستان کے لئے پاکستان کے خصوصی نمائندے محمد صادق نے ایک مستحکم افغانستان کے لئے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے بدلتی ہوئی علاقائی حکمتِ عملی پر عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے تاکہ پیدا ہونے والے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکے۔

چین، ایران، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان سے افغانستان کے لئے خصوصی نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی،جس دوران افغانستان کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے قریبی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔سفیر محمد صادق نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ہمسایہ ممالک کے نمائندے اس بات پر متفق تھے کہ افغانستان میں امن پورے خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے ناگزیر ہے۔
 

 

Advertisement