آر ایل این جی کی خریداری میں خزانے کو 83ارب کا خسارہ ناقابل برداشت ہے: امتیاز شیخ

Published On 05 September,2021 02:24 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ کہتے ہیں تین ماہ میں آر ایل این جی کی خریداری میں قومی خزانے کو 83ارب کا خسارہ ناقابل برداشت ہے۔

ایک بیان میں صوبائی وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ کا کہنا تھا کہ آرایل این جی کے سودے دیر سے کرنے کی وجہ سے عوام کو موسم سرما میں گیس کے شدید بحران کا سامنا ہوگا، مہنگی آر ایل این جی خریدنے کا کون حساب لے گا اور کس سے لیا جائے گا، کوئی ادارہ موجودہ حکمرانوں کا احتساب کرنے کو تیار نہیں، پی ٹی آئی حکومت کے تین برس عوام کے اوپر تیس برسوں کے برابر ثابت ہوئے ہیں، موجودہ حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے سی این جی سیکٹر ختم ہونے کے دہانے پر ہے، سی این جی اسٹیشن کی بندش کی وجہ سے ہزاروں افراد بیروزگار ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اداروں کی خاموشی ملکی معیشت کو کھوکھلا کررہی ہے، مہنگی آر ایل این جی کی خریداری کی وجہ سے بجلی کی پیداواری قیمت میں بھی تاریخی اضافہ ہوگا، حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن کا خمیازہ عوام کو تاریخی مہنگائی کی صورت میں بھگتنا ہوگا۔
 

Advertisement