لاہور ہائیکورٹ: والٹن ایئرپورٹ پر کمرشل پلاٹوں کی نیلامی روکنے کی درخواست خارج

Published On 08 September,2021 04:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے والٹن ایئرپورٹ پر کمرشل پلاٹوں کی نیلامی روکنے کی درخواست خارج کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے غربت کم کرنے اور کاروبار کو فروغ دینے کا منصوبہ بنایا، ایسا حکم جاری نہیں کر سکتے جس سے سرمایہ کاری کیلئے کیے گئے اقدامات متاثر ہوں۔

تفصیل کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے والٹن ائیرپورٹ کی اراضی پر کمرشل پلاٹوں کی فروخت کے لئے نیلامی کے خلاف متفرق درخواست پر سماعت کی اور اس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کی ذمہ داری ہے کہ وہ ثابت کرے کہ کوئی بہت ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے لیکن وہ کوئی ایسی چیز ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے۔ یہ طے شدہ قانون ہے کہ عبوری ریلیف دینے سے پہلے عدالت کو یہ بات مد نظر رکھنی چاہیے کہ کوئی عوامی مفاد متاثر نہ ہو۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے 8 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے لاہور سینٹرل بزنس اتھارٹی کے ذریعے پاکستان میں غربت کو کم کرنے اور کاروبار کو فروغ دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔ کسی بھی واضح غیر قانونیت نہ ہونے پر عدالت کی مداخلت حکومت کی جانب سے کاروبار کو فروغ دینے کے لیے کئے گئے اقدامت کر بری طرح متاثر کرے گی۔

جسٹس جواد حسن نے کہا کہ عدالت ایسا حکم جاری نہیں کر سکتی جس سے حکومت کی جانب سے انویسمنٹ کے لیے کیے گئے اقدامامت متاثر ہوں۔ ایسے اقدامات سے مداخلت سے حکومت کی جانب سے لاہور میں کاروباری سرگرمیوں کے لیے پیدا کئے گئے مواقعوں میں روکاٹ پیدا ہو سکتی ہے۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آئین کے ارٹیکل 199 کے تحت درخواستگزار کیسے کسی اتھارٹی سے معلومات مانگ سکتا ہے؟ آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت عدالت اس میں مداخلت نہیں کر سکتی۔