لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے چینی کے ایکس مل ریٹ مقرر کرنے کے خلاف درخواستوں پر حکومت کو شوگر ملز کے خلاف آئندہ سماعت تک کارروائی سے روک دیا۔ عدالت نے شوگر ملز کو چینی کی قیمت میں فرق کے برابر مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ نے چینی کے ایکس مل ریٹ مقرر کرنے کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست میں وفاقی اور صوبائی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ ہائیکورٹ نے چینی کا ریٹ مختص کرنے سے قبل شوگر ملز مالکان کا مؤقف سننے کا حکم دیا تھا، حکومتی ریٹ پر چینی فروخت کرنا ممکن نہیں، حکومت مقررکردہ ریٹس پر چینی فروخت نہ کرنے پر متعلقہ ملوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہے، استدعا ہے کہ درخواست کے حتمی فیصلے تک چینی کی نئی قیمت مقرر کرنے کے نوٹیفکیشن پر عمل درآمد روکا جائے۔
لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور متعلقہ حکام کو تادیبی کارروائی سے روک دیا۔ عدالت نے تمام درخواستیں یکجا کر کے مرکزی کیس کے ساتھ سماعت کے لئے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔