لاہور: (دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف جہانگیر ترین نے پارٹی کی ہم خیال شخصیات کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں 29 سے زائد ارکان پارلیمنٹ اور رہنماؤں نے شرکت کی۔
عشائیہ میں شریک رہنماوں نے اعلان کیا کہ جہانگیر ترین کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ تاہم پارٹی کے اندر کوئی فاروڈ گروپ یا پریشر گروپ نہیں بنا رہے۔ پارٹی کے اندر رہتے ہوئے انصاف کی جدوجہد کریں گے۔ پارٹی میں ہیں اور اس کے پلیٹ فارم سے ہی قیادت سے مطالبہ کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے وزیراعظم کو مسلسل غلط معلومات فراہم کرنے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ذاتیات پر مبنی انتقامی کارروائیاں ناقابل برداشت ہیں، اس سے ورکرز کی دل آزاری ہو رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق عشائیے میں شریک رہنماؤں کا کہنا تھا کہ نان الیکٹڈ لوگوں کی وجہ سے معاملات بگڑ رہے ہیں اور پارٹی کمزور ہو رہی ہے۔
ارکان کا اظہار خیال کرتے ہوئے جہانگیر خان ترین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں ہوں، دوستوں سے ملاقات اور کھانا چلتا رہتا ہے۔
اس اہم عشائیہ میں راجہ ریاض، غلام بی بی بھروانہ، سمیع گیلانی، ریاض مزاری، خواجہ شیراز، جاوید وڑائچ، غلام لالی، صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال، اجمل چیمہ، عبدالحئی دستی، امیر محمد خان،رفاقت گیلانی، فیصل جبوانہ، خرم لغاری، آصف مجید، بلال وڑائچ، عمر آفتاب ڈھلوں، طاہر رندھاوا، امین چودھری، غلام رسول، سجاد وڑائچ، نذیر چوہان، زوار وڑائچ، مہر اسلم بھروانہ، سلمان نعیم، افتخار گوندل ودیگر نے شرکت کی۔