دس اپریل کو عدالت پیشی، جہانگیر ترین کا بھرپور پاور شو کا فیصلہ

Published On 08 April,2021 11:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے دس اپریل کو بیکنگ کورٹ میں پیشی کے موقع پر ایک بار پھر بھرپور پاور شو کا فیصلہ کر لیا ہے۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین نے حکمت عملی طے کرنے کے لئے جمعہ کے روز اپنی رہائشگا ہ پر پارٹی کے ہم خیال رہنماؤں کو عشائیہ پر مدعو کر لیا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین 10 اپریل کو دوبارہ بیکنگ کورٹ میں پیش ہوں گے۔ وہ پارٹی کے ہم خیال ارکان اسمبلی اور رہنماؤں کے ساتھ جائیں گے۔

جہانگیر ترین کی رہائشگاہ پر منعقد عشائیے میں ارکان اسمبلی سمیت ہم خیال ٹکٹ ہولڈرز کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ جہانگیر ترین اپنے سیاسی ساتھیوں کے ساتھ آئندہ قانونی لائحہ عمل پر مشاورت کریں گے اور ہم خیال رہنماؤں کو اعتماد میں بھی لیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: جہانگیر ترین سمیت کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے، فیصل واوڈا

تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل واوڈا نے اپنے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ جہانگیر ترین سمیت کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ انکوائری رپورٹ کے مطابق 17 شوگر ملز چینی سکینڈل میں ملوث پائی گئیں۔ چینی مافیا کی وجہ سے غریب پاکستانیوں کو قیمت ادا کرنا پڑی۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ غریب کی جیب پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو عمران خان برداشت نہیں کر سکتے۔ کوئی معصوم ہے یا قصوروار؟ اس کا فیصلہ عدالتیں کریں گی۔

خیال رہے کہ اپنے ایک بیان میں جہانگیر ترین نے کہا تھا کہ دوست تھے، دشمنی کی طرف کیوں دھکیلا جا رہا ہے، انتقامی کارروائی کیوں؟ وفاداری کا ایک سال سے امتحان لیا جا رہا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے میڈیا سے گفتگو میں شکوے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف ایک نہیں، 3 ایف آئی آرز درج ہیں۔ ایک سال سے چپ ہوں، ظلم بڑھتا جا رہا ہے۔ ملک کی 80 شوگر ملز میں سے انہیں صرف جہانگیر ترین نظر آیا، میں پوچھتا ہوں آخر یہ انتقامی کارروائی کیوں ہو رہی، وجہ کیا ہے ؟ میری وفاداری کا امتحان لیا جا رہا ہے۔

جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سے انصاف مانگ رہے ہیں، میرے اور میرے بیٹے کے اکاؤنٹس منجمد کر دیئے گئے، اکاؤنٹ کیوں منجمد کیے، اس سے کیا فائدہ، کون کر رہا ہے ؟ وقت آگیا ہے کہ انتقامی کارروائی کو بے نقاب کیا جائے، تحریک انصاف میں شامل ہوں اور رہوں گا، میری راہیں تحریک انصاف سے جدا نہیں ہوئی ہیں۔

اس موقع پر راجہ ریاض نے کہا کہ عمران خان کے اعتماد کے ووٹ لینے میں سب سے زیادہ کردار جہانگیر ترین کا تھا، عمران خان نے جہانگیر ترین کی وجہ سے ہی اعتماد کا ووٹ لیا، وزیراعظم کے اردگر بیٹھے لوگ خرابیاں پیدا کر رہے ہیں، وزیراعظم اپنے اچھے کو دوست کو نہ کھوئیں۔

ادھر شوگر ملز میں جعلی بینک اکاؤنٹس کے معاملے میں بینکنگ کورٹ نے جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت میں 10 اپریل تک توسیع کر دی۔ عدالت نے ایف آئی اے کو گرفتاری سے روک دیا۔
 

 

Advertisement