'دوست تھے، دشمنی کی طرف کیوں دھکیلا جا رہا ہے، انتقامی کارروائی کیوں؟'

Published On 07 April,2021 09:49 am

لاہور: (دنیا نیوز) جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ دوست تھے، دشمنی کی طرف کیوں دھکیلا جا رہا ہے، انتقامی کارروائی کیوں ؟ وفاداری کا ایک سال سے امتحان لیا جا رہا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے میڈیا سے گفتگو میں شکوے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف ایک نہیں، 3 ایف آئی آرز درج ہیں، ایک سال سے چپ ہوں، ظلم بڑھتا جا رہا ہے، ملک کی 80 شوگر ملز میں سے انہیں صرف جہانگیر ترین نظر آیا، میں پوچھتا ہوں آخر یہ انتقامی کارروائی کیوں ہو رہی، وجہ کیا ہے ؟ میری وفاداری کا امتحان لیا جا رہا ہے۔

جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سے انصاف مانگ رہے ہیں، میرے اور میرے بیٹے کے اکاؤنٹس منجمد کر دیئے گئے، اکاؤنٹ کیوں منجمد کیے، اس سے کیا فائدہ، کون کر رہا ہے ؟ وقت آگیا ہے کہ انتقامی کارروائی کو بے نقاب کیا جائے، تحریک انصاف میں شامل ہوں اور رہوں گا، میری راہیں تحریک انصاف سے جدا نہیں ہوئی ہیں۔

راجہ ریاض نے کہا کہ عمران خان کے اعتماد کے ووٹ لینے میں سب سے زیادہ کردار جہانگیر ترین کا تھا، عمران خان نے جہانگیر ترین کی وجہ سے ہی اعتماد کا ووٹ لیا، وزیراعظم کے اردگر بیٹھے لوگ خرابیاں پیدا کر رہے ہیں، وزیراعظم اپنے اچھے کو دوست کو نہ کھوئیں۔

 ادھر شوگر ملز میں جعلی بینک اکاؤنٹس کے معاملے میں بینکنگ کورٹ نے جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت میں 10 اپریل تک توسیع کر دی۔ عدالت نے ایف آئی اے کو گرفتاری سے روک دیا۔

Advertisement