لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے رمضان بازاروں میں چینی کے خریداروں کی لمبی قطاریں ختم کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے عمل درآمد رپورٹ کل طلب کرلی۔
عدالت نے کہا کہ حکومت کے کہنے کے مطابق چینی کی قیمت مقرر کی گئی، اس کے باوجود لوگ چینی کی خریداری کے لیے خوار ہور ہے ہیں۔ جس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ رمضان بازاروں میں قطاریں نہیں بلکہ کرسیوں پر بٹھا کر چینی دی جا رہی ہے۔ عدالت نے کہا کہ اگر آپ کی بات غلط ثابت ہوئی تو توہین عدالت کی کاروائی کے لیے تیار رہیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ پرچون کی دکان پر چینی کتنے روپے فی کلو مل رہی ہے ؟ جس پر سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ پرچون کی دکان پر 85 اور رمضان بازار میں 65 روہے کلو چینی فراہم کی جا رہی ہے۔ عدالت نے کہا کہ 15 روپے کے پیچھے لوگوں کو حکومت نے بھکاری بنا دیا، انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، چینی کی خریداری کے لیے لائنیں نہیں لگنی چاہیے۔