اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے سولہ بڑے شہروں میں چینی کی فی کلو قیمت ایک سو روپے یا اس سے بھی تجاوز کر گئی، ایک ہفتے میں چینی دس روپے تک فی کلو مہنگی ہوئی، کراچی اور اسلام آباد کے شہری ملک میں سب سے مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔
حکومتی دعوے کام نہ آئے، ایک ہفتے کے دوران چینی 10روپے فی کلو تک مہنگی ہو گئی، ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران وفاقی دارالحکومت میں چینی 10روپے فی کلو، کراچی، لاہور اور بہاولپور میں 5 روپے، سرگودھا، سکھر، بنوں میں 4 روپے جبکہ لاڑکانہ اور خضدار میں 3 روپے فی کلو تک مہنگی ہوئی۔ حیدر آباد، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں بھی چینی کی فی کلو قیمت میں 2 روپے کا اضافہ ہوا۔
اضافے کے بعد کراچی اور اسلام آباد میں چینی کی فی کلو قیمت سب سے زیادہ 110روپے تک پہنچ گئی۔ لاہور، راولپنڈی، بہاولپور میں چینی کی قیمت 105 روپے، بنوں میں 102 روپے جبکہ گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، سرگودھا ملتان،حیدر آباد،سکھر، پشاور ،کوئٹہ اور خضدار میں چینی 100 روپے کلو فروخت ہو رہی ہے۔