لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے مصنوعی دودھ فروخت کرنے والوں کو انسانیت کا دشمن قرار دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سہیل ناصر نے مصنوعی دودھ فروخت کرنے والے 5 ملزموں کی درخواست ضمانتیں خارج کر دیں اور تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملزموں نے مصنوعی دودھ فروخت کر کے معاشرے کے خلاف بڑے جرم کا ارتکاب کیا، ایسے ملزم انسانیت کے دشمن اور ملک کے لئے بدنما داغ ہیں۔
عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ ملزمان مصنوعی دودھ بنانے میں مصروف تھے، ملزموں کے قبضے سے کوکنگ آئل، خشک دودھ، پاؤڈر اور دیگر اشیا برآمد کی گئیں، مصنوعی دودھ میٹھا زہر ہے اور انسانی جسم کو بیماریوں کا گھر بنا دیتا ہے، ننھے بچوں کے لئے ایسا دودھ انتہائی خطرناک ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں 5 ملزموں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے درج کروائے گئے مقدمے میں درخواست ضمانتیں دائر کر رکھی تھیں، جس کو عدالت نے مسترد کر دیا۔