کرپشن کے خاتمے کی کوشش پر الزامات کا سامنا کرنا پڑتا ہے: چیئرمین نیب

Published On 12 August,2021 01:01 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب نے کہا ہے کہ نیب کسی کیخلاف بے بنیاد کیس نہیں بناتا، تنقید ضرورکریں لیکن حقائق اور قانون کو دیکھ کر کریں، کرپشن کے خاتمے کی کوشش پر الزامات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

چیئرمین نیب جاوید اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعمیری تنقید کریں گے تو نیب کو بھی فائدہ ہوگا، اتنے الزامات لگ رہے ہیں کہ جواب دینے کا وقت نہیں ملتا، یہ بھی الزام لگایا گیا کہ کورونا نیب نے پھیلایا، اگر نیب نے زیادتی کی تو عدلیہ آزاد ہے، عدالتوں سے رجوع کریں، عدالتوں سے رجوع نہیں کیا جاتا کیونکہ جانتے ہیں کیس بے بنیاد نہیں، تمام ریفرنسز کا دوبارہ جائزہ لے رہے ہیں۔

جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے نیب کے مقدمات میں فیصلے نہیں ہوتے، نیب کے پاس فیصلوں کا اختیار نہیں، احتساب عدالتوں کے ججز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، عوامی مفاد میں نیب ترامیم کی ہمیشہ حمایت کی، پارلیمنٹ جو قانون بنائے گی اس کے مطابق کام کریں گے، نیب ارکان اسمبلی کا ہمیشہ احترام کرتا رہا اور کرتا رہے گا، نیب میں وہ تبدیلی کریں جس سے کرپشن کا خاتمہ ہو۔
 

Advertisement