نیب بدعنوانی کے خاتمےکو فرض سمجھ کر ادا کر رہا ہے، چیئرمین قومی احتساب بیورو

Published On 02 August,2021 09:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب بدعنوانی کے خاتمے کو قومی فرض سمجھ کر ادا کر رہا ہے اور کرپشن فری پاکستان کے لئے پرعزم ہے۔

چیئرمین نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نیب مقدمات میں سزا کی شرح 66 فیصد ہے۔ نیب کی کارکردگی کو ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان، عالمی اقتصادی فورم، پلڈاٹ اور مشال پاکستان نے سراہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب نے اپنے قیام سے اب تک 814 ارب روپے قومی خزانہ میں جمع کروائے ہیں۔ گیلانی اینڈ گیلپ سروے کے مطابق 59 فیصد لوگ نیب پر اعتماد کرتے ہیں۔ پاکستان نے سی پیک منصوبوں کی نگرانی کیلئے چین کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے پہلی فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی ہے۔ اس لیبارٹری میں ڈیجیٹل فرانزک، سوالیہ دستاویزات اور فنگر پرنٹ کے تجزیے کی سہولت موجود ہے۔ اس کے علاوہ نیب نے اپنی پاکستان ٹریننگ اینڈ ریسرچ اکیڈمی قائم کی ہے۔

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ اکیڈمی میں جدید تقاضوں کے مطابق انویسٹی گیشن افسران اور پراسیکیوٹر کو خصوصی ٹریننگ دی جا رہی ہے۔ اکیڈمی سے وائٹ کالر کرائمز اور منی لانڈرنگ کے مقدمات کو نمٹانے میں بہتری لائی جا سکے۔
 

Advertisement