لاہور: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں احسن اقبال اور خواجہ آصف کی ضمانتیں سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
نیب اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف اور احسن اقبال کی ضمانتوں کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کی جائیں گی۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نیب نے احسن اقبال کے خلاف معزز احتساب عدالت اسلام آباد میں ریفرنس دائر کیا تھا، جو زیر سماعت ہے۔
نیب نے احتساب عدالت اسلام آباد میں کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کے لئے درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ نیب آرڈیننس کی شق 16 اے کے تحت دائر کی جائے گی۔
اس کے علاوہ نیب اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف کی لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت کے فیصلے خلاف بھی قانون کے مطابق سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔