سی پیک کے کسی منصوبے کی تحقیقات نہیں ہو رہیں، نیب اعلامیہ

Published On 30 June,2021 05:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی تابش گوہر کے بیان کو من گھڑت اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ایل این جی ریفرنس پر اثر انداز ہونے اور ملزمان کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی ہے۔

نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی ادارہ قطر کے ساتھ معاہدہ اور سی پیک منصوبوں پر نوٹس لینے کے بیان کی تردید کرتا ہے۔ سی پیک کے کسی منصوبے کی نیب میں تحقیقات نہیں ہو رہیں۔ ان کی جانب سے دیئے گئے بیان کا جائزہ لیا جائے گا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نیب معیشت دوست ادارہ ہے جو زیرو کرپشن پر یقین رکھتا ہے۔ نیب ملزم کو گرفتاری کے 24 گھنٹےمیں احتساب عدالت میں پیش کرتا ہے۔ نیب ملزم کی گرفتاری کی وجوہات، وکیل کے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتا ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نیب آرڈیننس کا جائزہ لیں۔


نیب نے معاون خصوصی توانائی وپٹرولیم تابش گوہر کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایف پی سی سی آئی کراچی میں قومی ادارے سے متعلق بیان دیا تھا۔ انہوں نے اس موقع پر بزنس کمیونٹی میں نیب سے متعلق منفی تاثر اجاگر کیا۔
 

Advertisement