لاہور: (دنیا نیوز) نیب لاہور نے خواجہ آصف کیخلاف ریفرنس تیار کرلیا۔ قومی احتساب بیورو نے لیگی رہنما کے خلاف ریفرنس حتمی منظوری کیلئے چیئرمین نیب کو بھجوا دیا۔
ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے بھجوائے گئے ریفرنس میں کہا گیا کہ خواجہ آصف پر منی لانڈرنگ، آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے، چیئرمین نیب نے 4 ستمبر 2018 کو خواجہ آصف کیخلاف انکوائری کی منظوری دی، لیگی رہنما کو 29 دسمبر 2020ء کو گرفتار کیا گیا اور کیس کی تحقیقات ابھی بھی جاری ہیں۔
نیب ریفرنس میں مزید کہا گیا کہ خواجہ آصف جب 1991ء میں سینیٹر بنے تو ان کے پاس 3 ہزار مربع گز کا گھر تھا، 1993ء میں لیگی رہنما کے کل اثاثے 51 لاکھ روپے کے تھے، 2018ء تک خواجہ آصف کے کل اثاثے 404 ملین روپے تک پہنچ گئے۔