عوام غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں میں سرمایہ کاری سے گریز کریں: ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی

Published On 17 June,2021 04:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی نے کہا ہے کہ عوام پر زور دیا کہ وہ بھاری منافع کے لالچ میں غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں اور سکیموں میں سرمایہ کاری سے گریز کریں۔

قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں 8 کروڑ 14 لاکھ روپے سے زائد رقم کے چیک حکومت سندھ، سمٹ بینک اور سندھ بینک کے نمائندوں کے حوالے کئے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی نے جمعرات کو ایک تقریب کے دوران یہ چیک حکومت سندھ سمٹ بینک اور سندھ بینک کے نمائندوں کے حوالے کئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا جکہ روشن سندھ بینک پروگرام کے تحت سولر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب میں بدعنوانی کے مقدمہ میں 4.95 ملین روپے سندھ حکومت کے حوالے کئے گئے ہیں۔

عرفان نعیم منگی نے کہا کہ اومنی گروپ کی جانب سے سمٹ بینک سے دھوکہ دہی سے قرضہ حاصل کیا۔ اومنی گروپ کی بے نامی کمپنی پارک ویو سٹاک اینڈ کیپیٹل پرائیویٹ لمیٹڈ 37.5 ملین روپے وصول کر کے سمٹ بینک کے حوالے کیا۔ حسین لوائی نے سندھ بینک کے ملازمین کی ملی بھگت سے اومنی گروپ کے لئے بے نامی قرضہ حاصل کیا۔ ان سے37.5 ملین روپے ریکور کر کے سندھ بینک کو واپس کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ نیب راولپنڈی نے جعلی بینک اکائونٹ کیس میں اب تک 14 بد عنوانی کےریفرنس دائر کئے ہیں۔ 13 انویسٹی گیشن اور 18 انکوائریاں کی گئی ہیں۔ ملزمان سے مجموعی طور پر 33 ارب روپے سے زائد کی رقم برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کرائی گئی ہے۔ 20 ملزمان نے پلی بارگین کی ہے۔ نیب نے 69 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے ۔ 57 ملزما ن کو گرفتار کیا۔ 10 ملزمان اشتہاری ہیں جبکہ دو ملزمان نے گرفتاری سے پہلےپلی بارگین کرلی۔ ان مقدمات میں 186 ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی نے کہا کہ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی قیادت میں ہر قسم کی بدعنوانی کے خاتمہ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ اب یہ پرانا پاکستان نہیں ہے ۔ قانون کے مطابق سب کو اپنے کئے کا جواب دینا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر فرد اور ادارے کو اپنی استطاعت کے مطابق حصہ ڈالناہو گا تب جا کر یہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ نیب راولپنڈی بلا خوف وخطر مگرمچھوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے گا۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ بھاری منافع کے لالچ میں غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں اور سکیموں میں سرمایہ کاری سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ ان سکیموں کے ذریعے سہانے خواب دکھا کر ان کو ان کی محنت کی کمائی سے محروم کر دیاجاتا ہے۔ شہری کسی بھی سکیم میں سرمایہ کاری سے قبل اس کی نوعیت اور اس کی قانونی حیثیت کے بارے میں معلومات حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ نیب راولپنڈی متاثرین کو ان کی لوٹی گئی رقوم وصول کر کے انہیں واپس دلوانے کے لئے پرعزم ہے۔

 

Advertisement