نیب اجلاس: ایک ریفرنس،2 انوسٹی گیشن، 16 انکوائریوں کی منظوری

Published On 23 June,2021 05:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں ایک ریفرنس، دو انوسٹی گیشن اور 16 انکوائریوں کی منظوری دیدی گئی ہے۔ سابق وزیر نثار کھوڑو کے خلاف انوسٹی گیشن کھل گئی، بابر غوری کے فرنٹ مین کے خلاف انکوائریاں بھی شروع کر دی گئیں۔

تفصیل کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے زیرصدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں محمد رمضان سہتو اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کے ریفرنس کی منظوری دی گئی۔ ملزموں پر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نوشہرو فیروز سندھ میں 95 غیر قانونی بھرتیوں کا الزام ہے۔

اجلاس میں 16 انکوائریوں کی منظوری دی گئی جن میں سابق وزیر غلام مرتضیٰ جتوئی، سابق ایم این اے خدا بخش راجر، محکمہ قانون سندھ کے افسران، بابر غوری کے فرنٹ مین ریحان منصور خواجہ، مکیش کمار، ایاز میمن اور 19 شوگر ملز کیلئے سبسڈی کی انکوائریوں کی منظوری شامل ہے۔ نیب اجلاس میں دو انوسٹی گیشنز کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس سے خطاب میں چیئرمین نیب نے کہا کہ قومی احتساب بیورو میگا کرپشن خصوصاً شوگر، آٹا، منی لانڈرنگ، جعلی اکاؤنٹس سمیت دیگر مقدمات منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے کوشاں ہے۔

اس کے علاوہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال سے نیب ہیڈ کوارٹرز میں بزنس کمیونٹی کے رہنماؤں نے بھی ملاقات کی۔ چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ بزنس کمیونٹی کے مقدمات ایف بی آر کو بھجوا دئیے ہیں۔ نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ایک ڈائریکٹر کی سربراہی میں بزنس کمیونٹی کے لئے سپیشل ڈیسک بھی قائم کر دیا ہے۔
 

Advertisement