اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیویارک فلیٹ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو جواب کیلئے نوٹس جاری کر دیا۔
سماعت کے موقع پر آصف علی زرداری کرسی سے اُٹھ کر روسٹرم پر آنے لگے تو عدالت نے انہیں بیٹھے رہنے کی ہدایت کی۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد 5 لاکھ روپے مالیت کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے سماعت 28 جولائی تک ملتوی کر دی۔
سماعت سے قبل آصف زرداری کے وکیل کی طرف سے رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کو درخواست دی گئی کہ سابق صدر بیمار ہیں ان کی گاڑی کو کمرہ عدالت کے باہر تک آنے کی اجازت دی جائے جہاں سے وہ وہیل چیئر پر عدالت پیش ہو جائیں گے۔ اجازت نہ ملنے پر آصف زرداری باہر ہی گاڑی سے اترے اور داخلی دروازے سے پیدل کمرہ عدالت تک پہنچنے۔
اس موقع پر میڈیا نے آصف علی زرداری سے پیپلز پارٹی کی مستقبل کی سیاست کے حوالے سے پوچھا تو انہوں نے دلچسپ جواب دیا۔ آپ بیمار ہونے کے باجود عدالت میں ہیں اور نواز شریف بیمار ہونے پر ملک سے باہر کیوں ؟ اس سوال پر آصف زر داری کا کہنا تھا کہ ان کے اور نواز شریف کے ڈومیسائل میں فرق ہے۔